میانوالی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی بروقت کارروائی کے باعث بڑی دہشت گرد کارروائی ناکام بنا دی گئی۔ کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے جبکہ 8 دہشت گرد موقع سے فرار ہو گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق میانوالی کے علاقے چاپڑی ڈیم کے قریب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی جس کے دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کی۔ جوابی کارروائی میں شدید مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں دہشت گردوں میں بھگدڑ مچ گئی اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے۔
حکام کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ، دستی بم، تین سب مشین گنز (ایس ایم جی) اور بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔ واقعے کے بعد سی ٹی ڈی نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی، جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی تلاش بھی کی جا رہی ہے اور سیکیورٹی ادارے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔