بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی دو بڑی کارروائیاں، 41 دہشت گرد ہلاک

image

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 41 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلا آپریشن 29 جنوری کو ضلع ہرنائی کے نواحی علاقے میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 30 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔

دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع پنجگور میں کیا گیا، جہاں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں بینک ڈکیتی سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد ہوئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کا خاتمہ کیا جاسکے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت ”عزمِ استحکام“ کے وژن کے مطابق ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US