حکومتِ سندھ نے لاکھوں ہنرمند نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عالمی ادارے سٹی اینڈ گلڈز کے ساتھ ایک اہم معاہدہ کرلیا ہے۔
وزیر جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جس کے باعث سندھ کے نوجوانوں کے لیے عالمی روزگار کے دروازے کھل گئے ہیں۔
اس سلسلے میں سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور جی ای ایم ایس پاتھ ویز کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر جامعات اسماعیل راہو، سیکریٹری جامعات عباس بلوچ، ٹیکنیکل بورڈ کے چیئرمین مشرف علی راجپوت سمیت صوبے کے مختلف تعلیمی بورڈز کے چیئرمین اور جی ای ایم ایس پاتھ ویز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر جامعات اسماعیل راہو نے کہا کہ ہمارا وژن نوجوانوں کو صرف ڈگریاں دینا نہیں بلکہ انہیں ایسا ہنر فراہم کرنا ہے جس کی دنیا بھر میں مانگ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت فنی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو یورپ، افریقہ، مشرقِ وسطیٰ اور سعودی عرب میں روزگار کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔
وزیر جامعات نے مزید کہا کہ جی ای ایم ایس پاتھ ویز کامیاب طلبہ کو متعلقہ ممالک کی لیبر مارکیٹ میں جگہ دلوانے کے لیے بھرپور معاونت فراہم کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اب سندھ کے ٹیکنیکل طلبہ کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (AI)، ہیلتھ کیئر اور انجینئرنگ کے شعبوں میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اسناد فراہم کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر کے مطابق اس اقدام سے سندھ کی افرادی قوت کا معیار بلند ہوگا اور ملک کے لیے کثیر زرِ مبادلہ کمانے کی راہ ہموار ہوگی۔