داتا دربار کے قریب مین ہول میں گر کر جاں بحق خاتون کے شوہر کے پولیس پر سنگین الزامات

image

لاہور داتا دربار کے قریب کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والی خاتون کے شوہر مرتضیٰ نے پولیس پر سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔

مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مدد فراہم کرنے کے بجائے پولیس نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور اپنی بیوی اور بچی کی موت کا ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کی۔

مرتضیٰ کے مطابق SHO زین نے ان پر دباؤ ڈالا کہ وہ اپنی اہلیہ اور بچی کے قتل کا اعتراف کرے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ تمام صورتحال ایس پی بلال کی موجودگی میں پیش آئی، تاہم انہوں نے کوئی مداخلت نہیں کی۔

مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ پولیس کا رویہ اس وقت تبدیل ہوا جب انسپکٹر جنرل پولیس کی جانب سے فون کال موصول ہوئی۔ واقعے کے بعد پولیس کے طرزِ عمل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں جبکہ خاتون کی ہلاکت کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔

وزیراعلیٰ کے حکم پر کئی افسران معطل، گرفتاری کی ہدایت

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ماں بیٹی کی موت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور کو عہدے سے فارغ کر دیا۔ مریم نواز نے کہا کہ تمام ذمے داروں کو معطل اور گرفتار کیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر مقدمہ درج کرکے پروجیکٹ ڈائریکٹر، منیجر اور کنسلٹنٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے پانچ افسران کی گرفتاری سمیت حکم دیا کہ ملزمان کو برطرف کریں اور انہیں کہیں نوکری نہیں ملنی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ ڈی جی ایل ڈی اے، چیف سیکریٹری سمیت سب جوابدہ ہیں کہ اتنے انتظامات اور سیف سٹی کیمروں کے باوجود مین ہول کھلے پڑے تھے، بھاٹی گیٹ کا واقعہ قتل سے کم نہیں اتنی سہولتوں کے باوجود لاہور میں یہ ہوگیا، انھوں نے کہا کہ معذرت سے جانے والی جانیں تو واپس نہیں آئیں گی۔ ‏

داتا دربار منصوبے پر کام کرنے والی پوری ٹیم فارغ

قبل ازیں بھاٹی چوک پر مین ہول میں گر کر ماں اور بچی کے جاں بحق ہونے پر ڈی جی ایل ڈی اے نے سخت ایکشن لیتے ہوئے داتا دربار منصوبے پر کام کرنے والی پوری ٹیم معطل کردی۔

معطل کیے جانے والے افسران میں پراجیکٹ ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور سب انجینئر شامل ہیں۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے کنٹریکٹر پر فوری مقدمہ درج کرانے کی ہدایت دی جبکہ ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پر کنٹریکٹر کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔

ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پر ریزیڈنٹ انجینئر نیسپاک کو شو کاز نوٹس جاری کردیا گیا، جس میں نیسپاک کے ریزیڈنٹ انجینئر کی معطلی اور محکمانہ کارروائی اور انکوائری کی سفارش کی گئی ہے۔

منصوبے میں نیسپاک ٹیم کے کردار کو بھی انکوائری کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US