پاکستان کو سندھ طاس معاہدے سے متعلق تنازع میں بھارت کے خلاف اہم سفارتی اور قانونی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ عالمی ثالثی عدالت نے بھارت کو پاکستانی دریاؤں پر قائم پن بجلی منصوبوں کا تفصیلی ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
عالمی ثالثی عدالت کے مطابق بھارت 9 فروری تک بگلیہار اور کشن گنگا پن بجلی منصوبوں کے آپریشنل لاگ بکس جمع کرانے کا پابند ہوگا۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے کی صورت میں بھارت کو اس کی وجوہات تحریری طور پر بتانا ہوں گی۔
عدالت نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ پاکستان 2 فروری تک اس بات کی وضاحت کرے کہ وہ بھارت سے کن مخصوص دستاویزات کا مطالبہ کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی ثالثی عدالت کا یہ فیصلہ پاکستان کے مؤقف کو تقویت دینے اور سندھ طاس معاہدے کے مؤثر نفاذ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔