عمران خان کی دائیں آنکھ کا کامیاب علاج، پمز اسپتال میں 20 منٹ کا طبی عمل ہوا

image

بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی دائیں آنکھ کے کامیاب طبی علاج کی تصدیق ہو گئی ہے۔ پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر کے مطابق عمران خان نے چند روز قبل دائیں آنکھ کی بینائی میں کمی کی شکایت کی تھی جس کے بعد اڈیالہ جیل میں ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا۔

ڈاکٹر عمران سکندر نے بتایا کہ پمز کے سینئر ماہرِ امراضِ چشم نے عمران خان کا معائنہ کیا، جس دوران ضروری طبی ٹیسٹس، فنڈواسکوپی، آنکھ کے اندر دباؤ کی پیمائش اور ریٹینا کی او سی ٹی کی گئی۔ معائنے کے بعد عمران خان میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص ہوئی، جس پر مزید علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی گئی۔

ان کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں مرض اور علاج سے متعلق مکمل آگاہی دی گئی اور تحریری رضامندی حاصل کی گئی۔ علاج جراثیم سے پاک ماحول میں آپریشن تھیٹر میں کیا گیا جو تقریباً 20 منٹ میں کامیابی سے مکمل ہوا۔

ڈاکٹر عمران سکندر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی دائیں آنکھ میں رگوں پر دباؤ کے باعث بینائی متاثر ہوئی تھی، تاہم علاج کے دوران ان کی تمام وائٹل علامات مستحکم رہیں۔ علاج کے بعد انہیں ضروری طبی ہدایات اور فالو اپ مشوروں کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا۔

طبی ماہرین کی سفارش پر علاج کے بعد عمران خان کو دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھی اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی طبیعت بالکل ٹھیک اور صحت مستحکم ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی اسپتال منتقلی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو بنیادی انسانی حقوق فراہم نہیں کیے جا رہے اور انہیں ہفتے کی شام خفیہ طور پر اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال منتقل کر کے آنکھ کا علاج کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US