ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے جامعہ دارالعلوم کراچی کا دورہ کیا، جہاں معروف دینی اسکالر مفتی تقی عثمانی اور جامعہ کے علماء کرام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران علماء کرام نے ملکی سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ علماء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاک فوج کی کاوشیں قابلِ تحسین اور قابلِ فخر ہیں۔
مفتی تقی عثمانی نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان ملک کے دفاع اور امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔
بعد ازاں مفتی تقی عثمانی نے نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کے بعد پاکستان کی سالمیت، استحکام اور افواجِ پاکستان کی ہر محاذ پر کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی۔