امریکا کی بلوچستان میں دہشت گردی کی مذمت، پاکستان سے یکجہتی کا اظہار

image

امریکا نے بلوچستان میں پیش آنے والے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان میں موجود امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے بیان میں کہا کہ امریکا بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور اس حملے میں کالعدم دہشت گرد تنظیم بی ایل اے ملوث ہے۔

نیٹلی بیکر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام تشدد اور خوف سے پاک زندگی گزارنے کا پورا حق رکھتے ہیں، اور امریکا امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں میں شراکت دار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل گھڑی میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

امریکی ناظم الامور نے دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا بھی اظہار کیا۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف شہروں میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے حملے کیے، جن میں 15 سیکیورٹی اہلکار اور 18 شہری شہید ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں خودکش بمباروں سمیت 133 دہشت گرد مارے گئے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US