صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری طویل علالت کے بعد 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ آج سہ پہر 3 بجے ان کے آبائی گاؤں چیچیاں، میرپور میں ادا کی جائے گی۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری 9 اگست 1955 کو چیچیاں میرپور آزاد کشمیر میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے برطانیہ سے بار ایٹ لا کی ڈگری حاصل کی۔ وہ 1996 میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوئے جبکہ 2021 میں صدر آزاد جموں و کشمیر کا منصب سنبھالا۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری طویل سیاسی کیریئر کے دوران 9 مرتبہ اپنے آبائی حلقہ میرپور سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ ان کا شمار آزاد کشمیر کی سیاست کی اہم اور مؤثر شخصیات میں ہوتا تھا۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔