وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے اٹلی کے شہر وینس میں 61ویں وینس بیانالے 2026 کے موقع پر پاکستانی پیویلین کی ٹیم نے ملاقات کی۔ملاقات میں نجم سیٹھی، پاکستان کی معروف آرٹسٹ فائزہ بٹ، پاکستانی پیویلین کی کیوریٹر بیٹریز کوفینٹس فلیکانو اور پاکستان پیویلین کے کمشنر ڈاکٹر یعقوب خان بنگش بھی موجود تھے۔
پاکستانی پیویلین ٹیم نے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا کہ رواں سال وینس بیانالے میں پاکستان کے روایتی آرٹ کی جمالیات اور ثقافتی خوبصورتی کو دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں اور سیاحوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ٹیم کے مطابق مئی سے نومبر 2026 تک پاکستانی پیویلین کے تحت مختلف ثقافتی و فنی ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا، جن کے ذریعے پاکستانی فن اور ثقافت کے مختلف پہلوؤں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے 1895 میں شروع ہونے والی وینس بیانالے کو دنیا کی قدیم ترین اور بڑی آرٹ نمائش قرار دیتے ہوئے اس کے تخلیقی تنوع اور عالمی اہمیت کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستانی پیویلین کی ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور فن میں موجود تنوع اور شمولیت کے عناصر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر پاکستانی پیویلین کی ٹیم نے وزیرِ اعظم کو پیویلین کے افتتاح کی دعوت بھی دی جسے وزیرِ اعظم نے خوش دلی سے قبول کیا۔