الطاف حسین کی طبیعت ناساز، لندن کے اسپتال میں داخل

image

متحدہ قومی موومنٹ (لندن) کے بانی و قائد الطاف حسین کی طبیعت ناساز ہونے کے بعد اتوار کی شب انہیں لندن کے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

ایم کیو ایم لندن نے پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ڈاکٹروں کے مشورے پر الطاف حسین کو خون چڑھایا جا رہا ہے۔ پارٹی کے مطابق انہیں اسپتال میں ابتدائی طبی معائنہ کے بعد انجیکشن لگایا گیا اور جسم میں نقاہت کے پیش نظر ڈرپ چڑھائی گئی۔ ڈاکٹروں کی ٹیم الطاف حسین کا تفصیلی معائنہ پیر کے روز کرے گی۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے عوام اور کارکنان کو یقین دہانی کرائی کہ جیسے جیسے الطاف حسین کی صحت سے متعلق تازہ ترین معلومات آئیں گی وہ بروقت آگاہ کریں گے۔

واضح رہے کہ الطاف حسین کو گزشتہ سال جولائی میں بھی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کا ابتدائی معائنہ کیا اور خون کی منتقلی کی سفارش کی تھی۔

الطاف حسین دو دہائیوں سے زائد عرصے سے لندن میں خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے 1992 میں سیاسی پناہ حاصل کی اور بعد میں برطانوی شہریت اختیار کی۔ وہ 17 ستمبر 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئے اور اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 1978 میں آل پاکستان مہاجر اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے قیام سے کیا۔ 1984 میں انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی بنیاد رکھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US