وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے وفاق اور صوبے کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ انسدادِ دہشت گردی کے لیے صوبائی حکومت کو اپنے اداروں کو مزید مضبوط بنانا ہوگا، جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان اور عوامی فلاح کے لیے صوبائی حکومت کو اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔ وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت بااختیار ہے اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں عوام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کی بہتری کے لیے ہمیشہ کوشاں رہی ہے۔ خیبر پختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے اور صوبے کے عوام کی خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
ملاقات میں قومی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے وفاقی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ باہمی مشاورت اور اشتراکِ عمل کے ذریعے قومی یکجہتی، استحکام اور خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں، جبکہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے اور یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔