وفاقی آئینی عدالت : سندھ ہائیکورٹ کا سپر سپلیمنٹری امتحان کا فیصلہ کالعدم قرار

image

وفاقی آئینی عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا جس میں طالبعلم کو اسپیشل سپر سپلیمنٹری امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دی گئی تھی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالتیں ذاتی اخلاقیات یا ہمدردی سے قانون کی جگہ نہیں لے سکتیں۔

سماعت کے دوران آئینی عدالت نے کہا کہ ججز کو جذبات کی بنیاد پر فیصلے نہیں کرنے چاہیے بلکہ قانون کے مطابق بلا خوف و امتیاز انصاف کرنا ضروری ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ قانون، ضابطے یا ریگولیشن میں سپر سپلیمنٹری امتحان کی اجازت موجود نہیں اور ہائی کورٹس ہمدردی یا ذاتی احساسات کی بنیاد پر حکم جاری نہیں کر سکتیں۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ عدالتی فیصلوں کی بنیاد ذاتی عقائد یا سیاسی حقائق نہیں بن سکتی، عدالتی ساکھ جذباتی فیصلوں میں نہیں بلکہ قانون پر عمل کرنے میں ہے، اور ججز غیر جانبدار منصف ہوتے ہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ ہائی کورٹس صرف وہی اختیار استعمال کر سکتی ہیں جو آئین یا قانون میں دیا گیا ہو، اور ذاتی نیک نیتی یا بے لگام اختیار آئینی نظام کا حصہ نہیں۔

واضح رہے کہ یہ معاملہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے ایک طالبعلم سے متعلق تھا، جو گردے کی پیوندکاری کے باعث سالانہ امتحان میں شریک نہ ہو سکے تھے اور طبی وجوہات کی بنا پر سپلیمنٹری امتحان بھی مس کر گئے تھے۔ طالبعلم کی درخواستیں یونیورسٹی نے مسترد کر دی تھیں، جس کے بعد وہ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت سندھ ہائیکورٹ گئے، اور ہائیکورٹ نے انہیں سپر سپلیمنٹری امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US