سانحہ بھاٹی گیٹ کے بعد پنجاب حکومت نے حفاظتی اقدامات کے تحت اہم فیصلہ کرلیا ہے۔ بسنت کے دوران لاہور ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت جاری شہر بھر کے تمام ترقیاتی کام عارضی طور پر روکنے کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ تمام پراجیکٹ سائٹس کو ”نو گو ایریا“ قرار دے دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ترقیاتی پراجیکٹ سائٹس میں صرف متعلقہ عملے کو داخلے کی اجازت ہوگی، تمام سائٹس کو مکمل طور پر کور کرنے اور مناسب روشنی کا انتظام یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ پنجاب میں مین ہولز کے ایس او پیز سے متعلق قانون سازی مکمل کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔
چیف انجینئر ٹیپا کا کہنا ہے کہ بھاٹی چوک سے موہنی روڈ تک جاری کام دو دن میں مکمل کرلیا جائے گا۔
دوسری جانب ایم ڈی واسا نے بتایا کہ بسنت کے دوران واسا کے تمام ترقیاتی کام بھی معطل رہیں گے۔ ان کے مطابق لاہور میں واسا کے مین ہولز کی تعداد 3 لاکھ 37 ہزار جبکہ صوبہ بھر میں یہ تعداد 12 لاکھ سے زائد ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔