انسداد دہشتگردی عدالت: علیمہ خانم کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

image

انسداد دہشتگردی عدالت نے علیمہ خانم کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ جج امجد علی شاہ نے علیمہ خانم کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کردی۔

ملزمہ کے وکیل فیصل ملک نے ذاتی وجوہات کے باعث عدم حاضری کی درخواست دی تھی، تاہم پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خانم جان بوجھ کر مقدمہ کے ٹرائل میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔

سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے کہا کہ گواہان، تفتیشی اہلکار اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوتے ہیں لیکن علیمہ خانم عدالتی احکامات کی مسلسل تعمیل نہیں کر رہی ہیں۔ جج امجد علی شاہ نے پراسیکوشن کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے حاضری معافی کی درخواست خارج کر دی۔

وارنٹ گرفتاری تھانہ صادق آباد کے نومبر احتجاج کیس میں جاری کیے گئے ہیں، جبکہ علیمہ خانم کے دو ضامنوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ ایس ایچ او صادق آباد کو دونوں ضامنوں کو گرفتار کرکے پیش کرنے کے احکامات مل گئے ہیں۔

عدالت نے ایس پی راول کو علیمہ خانم کے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد نہ کرانے پر شوکاز نوٹس جاری کیا اور وارنٹ کی تعمیل کرنے کا حکم دیا۔ تھانہ صادق آباد کے نومبر احتجاج کیس کی اب تک 42 سماعتوں میں علیمہ خانم صرف 14 میں حاضر ہوئیں، جبکہ کیس کی سماعت 120 دن سے جاری ہے اور ملزمہ 28 سماعتوں پر غیر حاضر رہی ہیں۔

عدالت نے کل 4 فروری تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی ہے۔

اسی دوران انسداد دہشتگردی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت میں شیخ رشید اور شیریں مزاری سمیت دیگر ملزمان کو حاضری کے بعد واپس جانے کی اجازت دے دی گئی اور کیس کی سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US