حکومتِ پنجاب کا غریبوں کو 3 سے 5 ایکڑ زرعی زمین دینے کا اعلان

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں غریب خاندانوں کو 3 سے 5 ایکڑ سرکاری زرعی زمین دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں پسماندگی کا خاتمہ شروع ہوچکا ہے اور صرف دو سال میں صوبے کی قسمت بدل گئی ہے۔

راجن پور میں الیکٹرک بس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ راجن پور لاہور سے دور ضرور ہے مگر ہمارے دل کے قریب ہے۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اب یہ تاثر ختم ہورہا ہے کہ ترقیاتی کام صرف لاہور یا سینٹرل پنجاب تک محدود ہیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ راجن پور میں 12 ارب روپے کی لاگت سے 72 سے زائد سڑکیں تعمیر کی جاچکی ہیں جبکہ الیکٹرک اور گرین بسوں کا جال پورے پنجاب میں پھیلایا جارہا ہے۔ پنجاب میں مزید 1500 گرین بسیں شامل کی جائیں گی جو تمام 148 تحصیلوں میں عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولت فراہم کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ راجن پور سے مٹھن کوٹ روٹ پر 6 گرین بسیں چل رہی ہیں، جن کا کرایہ صرف 20 روپے رکھا گیا ہے۔ گرین بسوں میں فری وائی فائی اور موبائل چارجنگ کی سہولت موجود ہے جبکہ طلبہ، طالبات، خواتین، بزرگ اور خصوصی افراد کے لیے سفر بالکل مفت ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کا کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں ترقیاتی کام نہ ہورہا ہو۔ راجن پور میں اب کوئی سڑک کچی نہیں رہے گی۔ صوبے بھر میں 20 کارڈیک یونٹس قائم کیے جارہے ہیں اور ایک سال کے دوران 10 ہزار سے زائد دل کے آپریشن کیے جاچکے ہیں۔

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخوا 13 سال سے زوال کا شکار ہے، وہاں طلبہ سوال کریں تو انہیں اپوزیشن کا ایجنٹ کہا جاتا ہے۔ عوام کو نعروں کے بجائے سہولتیں چاہئیں، شعور سے نہ پیٹ بھرتا ہے اور نہ علاج ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک عوام حکمرانوں سے سوال نہیں کریں گے، حکومتیں سوئی رہیں گی، جبکہ جعلی حکومتیں عوام کا حق اور ترقی دونوں کھا جاتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US