ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ موہن جو دڑو پہنچ گئے، جہاں انہوں نے دنیا کی قدیم ترین تہذیب کے آثار کا تفصیلی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ اور صدر ورلڈ بینک گولف کارٹ کے ذریعے تاریخی مقام پر پہنچے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے صدر ورلڈ بینک کو موہن جو دڑو کے کھنڈرات دریافت کرنے والے ماہرِ آثارِ قدیمہ سر جان مارشل کی استعمال شدہ کار بھی دکھائی، جس میں اجے بنگا نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
بعد ازاں صدر ورلڈ بینک نے وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ موہن جو دڑو میوزیم کا دورہ کیا جہاں انہیں وادی سندھ کی تہذیب سے متعلق نوادرات اور تاریخی معلومات سے آگاہ کیا گیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اجے بنگا نے موہن جو دڑو کے تاریخی اسٹوپا کا بھی معائنہ کیا۔
صدر ورلڈ بینک نے موہن جو دڑو شہر کی قدیم گلیوں میں پیدل چل کر اس عظیم تہذیب کے تاریخی ماحول اور منصوبہ بندی کا جائزہ لیا اور آثارِ قدیمہ کے تحفظ پر اظہارِ خیال کیا۔
دورے کو عالمی ثقافتی ورثے کی اہمیت اجاگر کرنے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔