سلامتی کونسل کالعدم بی ایل اے کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کرے، پاکستان کا مطالبہ

image

اقوامِ متحدہ میں پاکستان نے سلامتی کونسل سے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے کی زیرِ غور درخواست منظور کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

یہ بات اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں دہشت گردی سے عالمی امن و سلامتی کو لاحق خطرات پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

پاکستانی مستقل مندوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ کابل میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد بیرونی سرپرستی اور غیر ملکی مالی معاونت سے چلنے والے پراکسی دہشت گرد گروہوں کو نئی زندگی ملی ہے۔ انہوں نے فتنۃ الخوارج تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور فتنۃ الہندوستان بلوچ لبریشن آرمی اور اس کی مجید بریگیڈ کو ان گروہوں کی واضح مثال قرار دیا۔

عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گرد گروہ افغان سرزمین سے تقریباً مکمل استثنیٰ کے ساتھ کارروائیاں کر رہے ہیں اور پاکستان کے مشرقی ہمسائے کی فعال حمایت کے تحت ملک کے اندر سنگین اور سفاک دہشت گرد حملوں کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ محض گزشتہ ہفتے بلوچ لبریشن آرمی نے بلوچستان کے مختلف مقامات پر دہشت گرد حملوں کی ذمہ داری قبول کی، جن کے نتیجے میں 48 بے گناہ شہری شہید ہوئے۔

پاکستان کے مستقل مندوب نے زور دیا کہ عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف یکساں اور مؤثر اقدامات کرے اور ایسے گروہوں کو عالمی سطح پر جوابدہ بنایا جائے جو علاقائی اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US