آپریشن ردالفتنہ-1 مکمل، بلوچستان میں 216 دہشتگرد ہلاک

image

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں جاری آپریشن ردالفتنہ-1 کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پنجگور اور ہرنائی میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 216 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں بھارتی پراکسی نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ دہشتگردوں کی قیادت اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ فتنہ الہندوستان کی جانب سے بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی تمام کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے غیر ملکی اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور جدید آلات کا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا ہے، جب کہ دہشتگردوں کو بیرونی سہولت کاری اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کیے جانے کے ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں۔

بیان کے مطابق آپریشن کے دوران 36 معصوم شہری شہید ہوئے جبکہ مادرِ وطن کے دفاع میں 22 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کیا جاتا ہے، پوری قوم شہدا کے اہلِ خانہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US