چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے وزارتِ داخلہ اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ ملاقات کے دوران انسدادِ دہشت گردی، داخلی سلامتی اور سیکیورٹی تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
چینی سفیر نے بلوچستان میں شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر کو بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے بروقت اور مؤثر آپریشنز سے آگاہ کیا۔
محسن نقوی نے چینی شہریوں اور چینی منصوبوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں اور منصوبوں کی سیکیورٹی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ تشکیل دیا جا رہا ہے جبکہ دہشت گردی کے خلاف مربوط آپریشنز میں جدید چینی ٹیکنالوجی اور سازوسامان معاون ثابت ہوگا۔
ملاقات میں انٹیلی جنس شیئرنگ اور سائبر کرائمز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا اور پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
چینی سفیر نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے مؤثر اقدامات پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ نے چین کی جانب سے ہر موقع پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔