کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے آج پورے ملک میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تقاریب منعقد کی جائیں گی جبکہ آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی آج ہوگا اور وزیراعظم شہباز شریف مظفرآباد میں شرکت کریں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت نے پیغام میں کہا کہ یہ دن کشمیری عوام سے غیر متزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے اور پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
افواجِ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور گرفتاریاں ناقابلِ قبول ہیں اور بھارت کی جانب سے کشمیر کا آبادیاتی و سیاسی تشخص بدلنے کی کوششیں بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔