وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ ریلی میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر دنیا کو کشمیری عوام کی قربانیوں کی یاد دہانی کراتا ہے اور مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ ہمارا عزم مضبوط ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کی جائز اور پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام 79 برس سے بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں اور پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے پاکستان کے اقدامات کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی ضمیر پر ایک قرض ہے اور حقِ خودارادیت کے بغیر عالمی قوانین نامکمل ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کشمیری عوام کے حق میں تاریخی اور بین الاقوامی کردار کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں اور پاکستانی عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، کشمیری قیادت کو قید و بند میں رکھا گیا ہے اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیری عوام حقِ خودارادیت سے کم کسی چیز پر راضی نہیں ہوں گے اور دنیا کو کشمیر کے مسئلے کا منصفانہ حل فراہم کرنا ہوگا۔
یومِ یکجہتی کشمیر: سندھ حکومت اور عوام کشمیری عوام کے شانہ بشانہ، عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ
5 فروری کو یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ پوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا نام ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل پامالی عالمی ضمیر کے لیے چیلنج بن چکی ہے، اور کشمیری عوام کئی دہائیوں سے جبر، تشدد اور ریاستی ظلم کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔
ضیاء الحسن لنجار نے مزید کہا کہ یومِ یکجہتیٔ کشمیر اس عزم کی تجدید ہے کہ کشمیریوں کی آواز ہر فورم پر بلند کی جاتی رہے گی، سندھ کے عوام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں، اور مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل صرف آزاد، منصفانہ اور غیر جانبدار رائے شماری کے ذریعے ممکن ہے۔
انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور محاصرے کا سلسلہ بند کرے، اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیری عوام پر جاری مظالم کا فوری نوٹس لیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی ایک جائز اور تسلیم شدہ حق ہے، جسے دبایا نہیں جا سکتا، اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت آج بھی اور کل بھی جاری رکھیں گے۔
سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بھی یومِ یکجہتی کشمیر پر کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے بنیادی حقوق اور حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پالیسیاں انسانی حقوق کے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں اور پورے خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کرتی ہیں۔
شرجیل میمن نے زور دیا کہ کشمیریوں کی قربانیوں اور سیاسی قیدیوں کو عالمی برادری نظر انداز نہیں کر سکتی، اور عالمی ادارے کشمیری عوام کو ان کا جائز حق خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی دہشت گردی نے خطے میں عدم استحکام، عسکری کشیدگی اور انسانی المیے کو جنم دیا، اور پاکستان کشمیریوں کے جائز مطالبات کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔