سال 2025 میں بہتر مستقبل کی تلاش میں تقریباً 4 ہزار ڈاکٹرز پاکستان چھوڑ گئے۔ گیلپ پاکستان کی تازہ رپورٹ کے مطابق یہ تعداد ملک چھوڑنے والے ڈاکٹروں کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ گزشتہ سال 3 ہزار 800 سے 4 ہزار کے درمیان ڈاکٹرز نے بیرونِ ملک ہجرت کی۔
سروے میں بتایا گیا کہ گزشتہ تین دہائیوں تک ملک چھوڑنے والے ڈاکٹروں کی تعداد سالانہ چند سو پر مستحکم رہی، تاہم 2010 کے بعد اس رجحان میں تیزی آئی ہے اور 2025 میں تقریباً 4 ہزار ڈاکٹروں نے ملک چھوڑا۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں کی ہجرت کی وجوہات میں کام کے ناقص حالات، ترقی کے محدود مواقع، سیکیورٹی خدشات اور بہتر معیارِ زندگی کی تلاش شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عالمی سطح پر طبی ماہرین کی شدید طلب بھی پاکستانی ڈاکٹروں کو بیرونِ ملک جانے پر راغب کر رہی ہے۔