پاکستان نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا ایک بار پھر اعادہ کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، صدرِ مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ نے اپنے خصوصی پیغامات میں کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہے گا۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کے صدور، سیکریٹری جنرل، ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کو خطوط ارسال کیے، جن میں بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں سنگین صورتحال کی جانب فوری توجہ دلائی گئی۔
خطوط میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد اور آزاد، منصفانہ اور شفاف رائے شماری کے انعقاد پر زور دیا گیا۔ ساتھ ہی بھارتی زیرِ قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔
یومِ یکجہتی کشمیر سے قبل اسلام آباد میں تعینات سفارتکاروں کو خصوصی بریفنگ بھی دی گئی، جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا۔
دفترِ خارجہ کے افسران اور عملے نے جناح ایونیو پر یکجہتی واک میں بھی شرکت کی، جس کے ذریعے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔
اس کے علاوہ دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتی مشنز میں سیمینارز، ویبینارز، عوامی ریلیاں اور تصویری نمائشیں منعقد کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا ہے۔