وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن عباس خان کی رہائش گاہ لنڈی کوتل، ضلع خیبر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہید کے والد اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آئی جی فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن عباس خان کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "آپ جیسے پرعزم والد کا حوصلہ ہی قوم کے جذبے کو مضبوط کرتا ہے، پوری قوم آپ کے بلند عزم کو سلام پیش کرتی ہے۔" بعد ازاں شہید کیپٹن عباس کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
شہید کے والد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے اپنے بہادر بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، وطن کے لیے ہر بیٹا حاضر ہے۔"
وزیر داخلہ نے دورے کے دوران قبائلی عمائدین اور مشران سے بھی ملاقات کی۔ قبائلی عمائدین نے مسلح افواج کے ساتھ ہر قیمت پر کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ "ہم شہید کیپٹن عباس کے نقشِ قدم پر چلیں گے، دفاعِ وطن کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں اور وطن کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔"