گورنر پنجاب کا ترلائی کلاں خودکش حملے کی جائے وقوعہ کا دورہ، شہداء کے لیے دعا

image

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ترلائی کلاں مسجد و امام بارگاہ خدیجہ الکبری میں ہونے والے خودکش حملے کی جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مسجد و امام بارگاہ کے امام راجہ بشارت حسین امامی نے گورنر پنجاب کو حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

گورنر پنجاب نے حملے میں شہید ہونے والوں کے لیے دعا کروائی اور لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسجدوں اور عبادت گاہوں میں دھماکے کرنے والوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ عبادت گاہوں میں سجدہ ریز مسلمانوں کو نشانہ بنانے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔

سردار سلیم حیدر خان نے امام بارگاہ میں خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس بزدلانہ کارروائی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے افسران اور جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کرنے والے عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غم کی اس گھڑی میں حکومت شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US