راولپنڈی: پی ٹی آئی کی شٹر ڈاؤن ہڑتال ناکام، مارکیٹس اور سڑکیں کھل گئیں

image

راولپنڈی میں پی ٹی آئی کی شٹر ڈاؤن اور ہڑتال کی کال غیر مؤثر ثابت ہوئی۔ مری روڈ، آئی جے پی روڈ، پشاور روڈ اور صدر مال روڈ پر ٹریفک رواں دواں ہے جبکہ صدر، راجہ بازار اور کمرشل مارکیٹ سمیت تمام بازار کھلے ہوئے ہیں۔

تاجر تنظیموں اور ٹرانسپورٹرز نے پی ٹی آئی کی کال مسترد کر دی۔ ممکنہ احتجاج کے پیش نظر مری روڈ پر پولیس کی نفری تعینات کی گئی تھی۔ میٹرو بس اور گرین بس سروس بھی مکمل بند رہی۔ پی ٹی آئی کی مقامی تنظیم بھی احتجاج کے حوالے سے لائحہ عمل سے لاعلم نکلی۔

صدر راولپنڈی سے فیض آباد تک ٹریفک معمول کے مطابق چل رہا ہے، جس سے یہ واضح ہو گیا کہ شٹر ڈاؤن کال شہر میں اثرانداز نہیں ہو سکی۔

راولپنڈی میں دفعہ 144 کی توسیع، 21 فروری تک پابندیاں برقرار

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے شہر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 15 روز کی توسیع کر دی ہے۔ اب یہ پابندی 21 فروری تک برقرار رہے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی میں جلسے، جلوس اور ریلیوں پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ اس کے علاوہ اسلحے کی نمائش اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔

ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کی سفارش پر یہ توسیع کی گئی ہے تاکہ شہر میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US