کثیر القومی فوجی مشقیں جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگی کے لیے ناگزیر ہیں، فیلڈ مارشل

image

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کثیر القومی فوجی مشقیں مسلح افواج کو جدید جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت کے مطابق ہم آہنگ کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور ایسی سرگرمیاں اجتماعی تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بناتی ہیں۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق 9ویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (PATS) مقابلے کی اختتامی تقریب کھاریاں میں منعقد ہوئی جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پی اے ٹی ایس ایک 60 گھنٹوں پر مشتمل سخت اور جامع پیٹرولنگ ایکسرسائز ہے جس کا مقصد پیشہ ورانہ فوجی مہارتوں میں اضافہ، جدید جنگی تصورات، تجربات اور بہترین عملی طریقوں کا تبادلہ کرنا ہے۔ یہ مشق 5 فروری سے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقے میں منعقد کی گئی، جس نے شرکا کو حقیقت سے قریب اور چیلنجنگ آپریشنل ماحول فراہم کیا۔

بیان کے مطابق پی اے ٹی ایس اب ایک باوقار اور انتہائی مسابقتی بین الاقوامی فوجی ایونٹ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ رواں برس 19 ممالک کی ٹیموں نے مقابلے میں حصہ لیا جن میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکا اور ازبکستان شامل ہیں، جبکہ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے بطور مبصر شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکا کی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت، آپریشنل صلاحیت اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ملٹی نیشنل مشقیں نہ صرف افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دیتی ہیں بلکہ جدید جنگی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تیاری کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔

انہوں نے پاک فوج کی بنیادی اقدار “کردار، جرأت اور اہلیت” کو دہرایا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں پاکستانی سپاہیوں نے ان اقدار کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔

اختتامی تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ بعد ازاں آرمی چیف نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئے قائم کردہ ٹیکٹیکل سمیولیٹر سمیت مختلف تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور سمیولیٹر بیسڈ ٹریننگ کو روایتی تربیت کے ساتھ مؤثر اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ قرار دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US