ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کی سہولت اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ای-سٹیمپنگ نظام متعارف کروا دیا، جس کے بعد روایتی اسٹام پیپر مکمل طور پر ختم کردیے گئے ہیں۔
اس اقدام کے ذریعے دستاویزات میں اسٹامپ پیپر کے استعمال میں جعل سازی اور فراڈ کے امکانات ختم ہوجائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ اِسٹیمپ (FTO) کے افسران کو 12 فروری 2026 کے بعد روایتی اسٹام پیپر جاری کرنے سے روک دیا ہے، اور اس تاریخ سے ای-سٹیمپنگ نظام مکمل طور پر نافذ العمل ہوگا۔
شہریوں اور اسٹامپ فروشوں نے اس جدید نظام کے کامیاب آغاز پر ڈی سی اسلام آباد کو مبارکباد پیش کی۔ ڈی سی عرفان نواز میمن نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کو انتہائی آسان بنایا گیا ہے، جس کی مدد سے کوئی بھی شہری کسی بھی دستاویز پر لگے ای-سٹیمپ کی فوری آن لائن تصدیق کرسکتا ہے۔