راولپنڈی کی عمارت میں لگی آگ پر ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے 16 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد مکمل قابو پالیا، جبکہ متاثرہ عمارت میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق آپریشن میں 21 ایمرجنسی گاڑیوں کے ساتھ 80 سے زائد ریسکیو اہلکار شریک رہے۔ آگ بجھانے کے لیے مسلسل فوم ملا پانی استعمال کیا گیا، جبکہ دورانِ آپریشن 2 لاکھ لیٹر سے زائد پانی خرچ ہوا۔
شدید آگ کے باعث عمارت میں دراڑیں پڑ گئیں اور گرنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا، جس کے پیشِ نظر ریسکیو اہلکاروں نے محفوظ فاصلے سے کارروائی جاری رکھی۔ عمارت میں جلنے والا سامان بڑی مقدار میں موجود ہونے کی وجہ سے آگ پر مکمل طور پر قابو پانے میں وقت لگا۔
صورتحال کی سنگینی کے باعث قریبی اضلاع سے بھی ریسکیو فائر ٹینڈرز اور فائر فائٹرز کو طلب کیا گیا، جنہوں نے مشترکہ طور پر آپریشن میں حصہ لیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق کولنگ مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔