امریکا میں تربیتی طیارہ مصروف شاہراہ پر گاڑیوں سے ٹکرا گیا، ویڈیو وائرل

image

امریکا کی ریاست جارجیا میں ایک چھوٹا طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران مصروف شاہراہ پر متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ پولیس کے مطابق حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کے روز جارجیا کے شہر گینزویل میں پیش آیا، جہاں تربیتی پرواز پر موجود سنگل انجن والا چھوٹا طیارہ (ہاکر بیچ کرافٹ بی ای-36) تکنیکی خرابی کا شکار ہو گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ انجن میں مسئلے کے باعث طیارے میں اتنی طاقت نہیں رہی تھی کہ وہ واپس ہوائی اڈے تک پہنچ سکتا، جس پر پائلٹ نے مصروف شاہراہ پر ہنگامی لینڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

حکام نے مزید بتایا کہ لینڈنگ کے بعد طیارے کا دایاں بازو ایک گاڑی سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں طیارے کا فیول ٹینک الگ ہو گیا۔ اس کے بعد طیارہ ایک گاڑی کے پچھلے حصے سے ٹکرانے کے بعد دوسری گاڑی میں جا گھسا۔

پولیس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں متعدد افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں، تاہم کسی کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ حادثے کے بعد متاثرہ شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ مقامی رہائشیوں کو طویل ٹریفک جام کی توقع رکھنے کی ہدایت کی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US