وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایران سے پاکستانیوں کے انخلاء اور خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایران سے پاکستانی شہریوں کے انخلاء کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ایران میں موجود پاکستانی محفوظ طریقے سے وطن واپس پہنچ رہے ہیں جبکہ آذربائیجان میں پاکستانی سفارتخانہ اس عمل میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے ایران سے پاکستانیوں کے انخلاء میں تعاون پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مدد پر برادر ملک کا مشکور ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت خارجہ پوری صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
اجلاس میں خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے پاکستانی سفارتخانوں کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ خلیجی ممالک میں موجود پاکستانی سفارتخانے پاکستانی شہریوں کی مدد کے لیے ہر وقت دستیاب رہیں۔
اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ اور عطا اللہ تارڑ، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت طلال چوہدری، معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔