ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ کسی کو اپنی سرزمین کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اسپتال میں مریضوں کی عیادت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران دشمن کیخلاف مضبوطی سے کھڑا ہے، اسے پوری طاقت کے ساتھ جواب دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران اپنے برادر ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، اگر کسی سرزمین سے ایران پر حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیں گے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ حملوں کا مقصد یہ نہیں ہمارے دوست ممالک کے ساتھ کوئی تنازع ہے، تمام مشکلات کے باوجود ہم سب متحد ہیں۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران دھونس دھمکیوں، ناانصافی اور جارحیت کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا، ہم دشمن کے خواب ڈراؤنے بنادیں گے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے ایران پر جتنا سخت دباؤ ڈالا جائے گا ردعمل اتنا ہی سخت ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ علاقائی ریاستوں سے دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں، یہ خواہش امریکا سے مقابلے میں ایران کے حق دفاع کی نفی نہیں کرتی۔
ایرانی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے اپنے دوست ہمسایہ ممالک پر نہیں بلکہ امریکی فوجی اڈوں پر حملے کیے ہیں، ہم نے خطے میں امریکی تنصیبات اور سہولیات پر حملے کیے ہیں۔