نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے خراب ہونے والی غذائی اشیا کی صورتحال اور برآمدات کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم کی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ملک میں خراب ہونے والی غذائی اشیا کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے اور اضافی پیداوار کی بروقت برآمدات کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں خطے میں بدلتی تجارتی صورتحال اور کچھ روایتی تجارتی راستوں میں رکاوٹوں کے باعث متبادل برآمدی راستوں، سمندری راستوں اور نئی منڈیوں کی تلاش پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر برآمدکنندگان کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر بھی غور کیا گیا جبکہ ذخیرہ کرنے کی سہولیات، لاجسٹکس اور منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں عالمی طلب اور قیمتوں کے رجحانات کا جائزہ لے کر پاکستان کی برآمدی مسابقت کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ، وزیر تجارت، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت اور متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز و سینئر حکام نے شرکت کی۔