ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ممالک جو اسرائیلی اور امریکی سفیروں کو نکال چکے ہیں اب آزادانہ طور پر آبنائے ہرمز استعمال کر سکیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ آج سے یہ ممالک مکمل آزادی کے ساتھ اس اہم عالمی راستے سے گزر سکیں گے۔ ترجمان پاسداران انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے بارے میں بیانات کو بےمعنی قرار دیا اور کہا کہ جنگ کے خاتمے کا تعین صرف ایران کرے گا۔
پاسداران انقلاب نے مزید واضح کیا کہ خطے میں سلامتی یا تو سب کے لیے ہوگی یا کسی کے لیے نہیں اور اگر ایران پر حملے جاری رہے تو خطے سے ایک لیٹر تیل بھی برآمد نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ادھر امریکی صدر ٹرمپ نے ری پبلکن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت آنے پر آبنائے ہرمز میں امریکی نیوی جہازوں کی حفاظت کرے گی۔ انہوں نے پہلے بھی اعلان کیا تھا کہ ضرورت پڑنے پر کمرشل جہازوں کے ساتھ امریکی بحریہ جائے گی۔
ایران کی پاسداران انقلاب نے ٹرمپ کے بیانات کے جواب میں چیلنج کیا کہ اگر ہمت ہے تو وہ آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی حفاظت کے لیے امریکی بحری جہاز تعینات کریں۔