صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اسلام امن، ہمدردی اور انصاف کا دین ہے اور اسے انتہا پسندی سے جوڑنا لاعلمی کی عکاسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو نفرت انگیز جرائم کے خلاف قانونی تحفظ کو مزید مضبوط بنانا چاہیے اور اظہارِ رائے کی آزادی کو نفرت پھیلانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہبی تنوع کے احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ کرائسٹ چرچ سانحہ انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے والا واقعہ تھا اور پاکستان اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی فورمز پر مسلسل آواز اٹھاتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی مختلف معاشروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں تاہم مسلمانوں کے خلاف تعصب ان کے تحفظ کو متاثر کر سکتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک آزاد نیشنل کمیشن قائم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تعصب کے خاتمے اور مکالمے کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کرے، جبکہ مذہبی عقائد کے احترام اور مساوی قانونی تحفظ کو یقینی بنانا عالمی ذمہ داری ہے۔