اشرافیہ ایثار اور قربانی کی مثال قائم کریں اور بچت کو فروغ دیں، وزیراعظم

image

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی تیزی سے بگڑتی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری اقدامات پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور مستقبل کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے جبکہ مزید سپلائی کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق وزیراعظم کی بروقت ہدایات کے باعث ایندھن کے ذخائر کو یقینی بنانے میں مدد ملی۔

بریفنگ میں مشرقِ وسطیٰ اور خطے کی غیر مستحکم صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس کے باعث ایندھن کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے، لہٰذا آئندہ دنوں میں مزید بچت اقدامات ناگزیر ہوں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

اجلاس کو کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا، جس پر وزیراعظم نے کہا کہ ان اقدامات سے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے اشرافیہ سے اپیل کی کہ وہ ایثار اور قربانی کی مثال قائم کریں اور بچت کو فروغ دیں۔

حکومت نے عوام سے بھی پٹرول اور ڈیزل کی بچت کی اپیل کرتے ہوئے کار پولنگ اپنانے، غیر ضروری سفر سے گریز اور آمد و رفت محدود رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ اعلامیے کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اجلاس میں عاصم منیر، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر محمد عاصم ملک، احد خان چیمہ، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، عطاء اللہ تارڑ، مصدق ملک، شزا فاطمہ اور بلال اظہر کیانی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US