دشمنوں کو ہر جگہ خطرات لاحق ہونگے، ایران کی اسرائیل اور امریکا کو سخت وارننگ

image

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام اہم پیغام میں کہا ہے کہ ایران اصولوں پر قائم رہنے والا ملک ہے۔

اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران مذاکرات کے دوران اپنے مخالفین پر خفیہ حملے نہیں کرتا، تاہم اگر ایران پر کوئی حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کو اسرائیل کی جانب سے انفراسٹرکچر پر ممکنہ حملوں کے منصوبوں سے متعلق معلومات حاصل ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو پھر کسی بھی فریق کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا اور سخت ردعمل دیا جائے گا۔

دوسری جانب ایران کے اعلیٰ فوجی ترجمان نے اسرائیل اور امریکا کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب دنیا بھر میں ان کے حکام کے لیے کوئی جگہ محفوظ نہیں رہے گی۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ترجمان جنرل ابوالفضل شکارچی نے اپنے بیان میں کہا کہ دستیاب معلومات کی بنیاد پر دنیا کے کسی بھی پارک، تفریحی مقام یا سیاحتی جگہ کو محفوظ نہیں سمجھا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے دشمنوں کو اب عالمی سطح پر عدم تحفظ کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا، اور انہیں ہر جگہ خطرات لاحق ہوں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US