جنگ ہم پر مسلط کی گئی، دفاع جاری رکھیں گے، ایرانی وزیر خارجہ

image

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال ایران کی شروع کردہ جنگ نہیں بلکہ یہ جنگ اس پر مسلط کی گئی ہے، جس کے جواب میں ایران صرف دفاعی اقدامات کر رہا ہے۔

جاپانی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے حملے غیر قانونی، بلاجواز اور بلااشتعال جارحیت کے مترادف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات میں مصروف تھا کہ اسی دوران امریکا اور اسرائیل نے حملہ کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا محسوس نہیں ہوتا کہ امریکا اپنی جارحیت ختم کرنے کے لیے تیار ہے، اور محض جنگ بندی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ جنگ کے مکمل اور مستقل خاتمے کی ضمانت ضروری ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حالات دوبارہ پیدا نہ ہوں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران فوری جنگ بندی قبول کرنے کے حق میں نہیں کیونکہ وہ ماضی کی صورتحال کو دہرانا نہیں چاہتا۔

آبنائے ہرمز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ گزرگاہ مکمل طور پر بند نہیں کی گئی، تاہم ان ممالک کے جہازوں کے لیے محدود ہے جو ایران پر حملوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کے جہاز معمول کے مطابق گزر سکتے ہیں اور ایران رابطہ کرنے والے ممالک کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے جب تک ضروری ہوگا دفاعی اقدامات جاری رکھے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US