صدر اور وزیراعظم کی قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد، یکجہتی اور مضبوط مستقبل کا عزم

image

ملک بھر میں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ وقار اور احترام کے ساتھ سادہ پرچم کشائی تقریبات منعقد کی گئی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ 1940 برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک تاریخی دن ہے، جب علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی عزم کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اتحاد ناگزیر ہے۔

صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ قیام پاکستان کے وقت درپیش چیلنجز کے باوجود قوم نے باہمی تعاون سے مشکلات پر قابو پایا اور ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جبکہ دفاعی صلاحیت کو بھی ناقابل تسخیر بنایا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے 23 مارچ کو جنوبی ایشیا کی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بطور ذمہ دار ریاست متوازن اور فعال سفارتکاری جاری رکھے ہوئے ہے اور معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا جبکہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو بھی سراہا۔

یوم پاکستان پرمسلح افواج نے قوم کومبارکباد پیش کی، آئی ایس پی آر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف اورا ئیر چیف ظہیر بابر کا پیغام جاری کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 23 مارچ ایمان، امید اور استقامت سے بھرپور قومی عزم کی بہترین عکاسی کرتاہے۔ پاکستان جمہوریت کےسائے تلےمسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے ملک کودرپیش دہشتگردی اورانتہاپسندی کےخلاف جنگ جاری ہے۔

مسلح افواج عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دشمن کے خلاف متحد اور ثابت قدم ہیں، مسلح افواج ہرقسم کی جارحیت دہشتگردی کےخلاف ہمہ وقت تیار ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US