وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جاری بحران کے خاتمےکے لیے بامقصد مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ امریکا اور ایران کی رضامندی کی صورت میں مذاکرات کی میزبانی کرنا پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے اور دنیا بھرمیں امن واستحکام کے لیے مذاکرات ضروری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی جاری کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے اور تنازع کے جامع تصفیے اور بامعنی مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے اور اسے اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ٹیلیفونک گفتگو میں خطے میں قیام امن کیلیے پاکستان کا تعمیری کردار جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر رپورٹ ہوا کہ امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس، وٹکوف اور جیرڈ کشنر ممکنہ طور پر اگلے ہفتے اسلام آباد میں ایران کے ہونے والے مذاکرات کی نمائندگی کریں گے۔
دوسری جانب ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا تھا اگر فریقین راضی ہیں تو پاکستان ثالثی کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔