امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران میں اب مؤثر قیادت باقی نہیں رہی اور امریکا وہاں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔
اپنے بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران اب اس بات پر رضامند ہے کہ وہ کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا اور اس بار سمجھداری سے بات کر رہا ہے۔ ان کے مطابق امریکا اس وقت ایسے افراد سے بات چیت کر رہا ہے جو معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی نیوی اور ایئر فورس کو تباہ کر دیا ہے اور قیادت کو ختم کر دیا گیا ہے جسے انہوں نے رجیم چینج قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے تیل و گیس سے متعلق ایک قیمتی تحفہ بھی موصول ہوا ہے جس کا تعلق آبنائے ہرمز سے ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران میں نئی قیادت سامنے آ چکی ہے اور امکان ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ معاہدہ کرے گی۔
ٹرمپ کے مطابق ایران کے ساتھ جاری بات چیت میں جے ڈی وینس، مارکو روبیو، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر نے ایران کے معاملے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔