مشرقِ وسطیٰ صورتحال: پاکستان کا کلیدی کردار دنیا نے تسلیم کیا، عطاء اللہ تارڑ

image

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کا کلیدی اور مؤثر کردار سامنے آیا ہے اور دنیا بھر میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا لوہا منوایا ہے جبکہ پاکستان آج دنیا میں ایک مؤثر، ذمہ دار اور بھرپور آواز کے طور پر سامنے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنیوا اجلاس میں بھی غیر معمولی صورتحال دیکھنے میں آئی، جہاں پاکستان کے مؤقف اور سفارتی کاوشوں کو خاص اہمیت دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ملک بھارت پاکستان کی سفارتی کامیابیوں سے شدید پریشان ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قومی مفاد سب سے مقدم ہے اور کوئی سیاسی جماعت، کوئی سیاسی لیڈر یا کوئی شخصیت پاکستان سے بڑی نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ تنقید سب کا حق ہے، تاہم سیاسی مخالفت میں ملک کا وقار داؤ پر لگانا اور پاکستان کی تضحیک ناقابل برداشت ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کے خلاف پروپیگنڈا ناقابل برداشت ہے اور جو عناصر بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، انہیں شرم آنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شخصیت پرستی اور انا پرستی ملک کے لیے نقصان دہ ہے جبکہ پوری قوم کو ریاست اور قومی مفاد کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو نائیکوپ پر پاکستان آنے کا کہا گیا، تاہم وہ اس کے بجائے دیگر ذرائع اختیار کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دنیا بھر میں ایک ذمہ دار ملک سمجھا جاتا ہے، جبکہ بعض سیاسی عناصر نے ماضی میں ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دورِ حکومت میں پاکستان کو ڈیفالٹ کے دھانے پر لا کھڑا کیا اور بعد ازاں بھی ملک کے ڈیفالٹ کی دعائیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور آج دنیا پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ کے مطابق پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے اور معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، لیکن بعض عناصر اب بھی ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2024 میں پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لینے کی مہم چلائی گئی تاکہ ایکسپورٹرز کو نقصان پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ پاکستان مخالف عناصر کے ساتھ مل کر سازشیں کر رہے ہیں اور بیرون ملک بیٹھے بعض افراد پاکستان کے خلاف منظم پروپیگنڈا چلا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے کبھی اسرائیل کی مذمت دیکھنے میں نہیں آئی، جبکہ پاکستان کے خلاف ہر ممکن منفی مہم چلانے کی کوشش کی گئی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جتنی سازشیں کی جائیں گی، پاکستان اتنا ہی مضبوط ہو کر ابھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خطوط لکھنے، ڈیفالٹ کی باتیں کرنے اور قومی مفاد کو نقصان پہنچانے کی سیاست اب مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ان تمام کوششوں کے باوجود مضبوط رہے گا اور ملک دشمن پروپیگنڈا یا اوچھے ہتھکنڈے پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کرے گا اور ہمیشہ زندہ باد رہے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US