نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا۔
گزشتہ روز لودھراں ، جھنگ موسی خیل پشاور، باجوڑ اور مالا کنڈ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
اسی طرح شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید بارش کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے جبکہ مقامی ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال بھی پیدا ہو گئی ہے۔
دوسری جانب بابو سر ٹاپ ننگاپربت پر گزشتہ رات سے برفباری جاری ہے، جبکہ چلاس شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ برقرار ہے۔
ادھر لاہور میں بھی مسلسل 6 گھنٹے بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ نے واسا حکام کو بروقت نکاسی آب یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔
صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ شہر کے نشیبی علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے، زیر تعمیر مقامات کے اطراف حفاظتی اقدامات مکمل کیے جائیں، جبکہ اہم شاہراہوں اور انڈر پاسز کی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے۔
دوسری جانب وریشمی کلہ میں بارش کے باعث ایک افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا، جہاں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان آزادکشمیر اور خیبر پختون خواہ کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ہے، جس کے پیش نظر تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔