تہران کسی دباؤ میں نہیں آئے گا، ہر جارحیت کاجواب دیں گے، ایران کی وارننگ

image

ایران کی اعلیٰ فوجی قیادت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی جانے والی حالیہ دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تہران کسی بھی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا۔

ایرانی مشترکہ فوجی کمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امریکا کو مسلسل ناکامیوں کا سامنا ہے اور سخت بیانات دراصل انہی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہیں۔ بیان کے مطابق دھمکیوں کے ذریعے امریکا نہ تو اپنی ساکھ بحال کر سکتا ہے اور نہ ہی خطے میں اپنی پوزیشن مضبوط بنا سکتا ہے۔

فوجی حکام نے مزید کہا کہ واشنگٹن کی بڑھتی ہوئی جارحانہ بیان بازی دراصل اس کی کمزوری کا اعتراف ہے جبکہ ایران نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی دباؤ یا دھمکی سے اس کی پالیسی تبدیل نہیں ہوگی۔

بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر امریکا نے کسی بھی نوعیت کی فوجی کارروائی یا جارحیت کی کوشش کی تو اس کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا جس کے اثرات پورے خطے میں محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ ایرانی قیادت نے ممکنہ کشیدگی کی تمام تر ذمہ داری امریکا پر عائد کی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے اور معاہدے پر آمادہ ہونے کے لیے ڈیڈ لائن دے رکھی ہے اور خبردار کیا ہے کہ پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں ایران کے توانائی مراکز اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US