امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے پیش نظر ایک بار پھر سخت بیان جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال کسی بھی وجہ سے غیر متوقع ہوئی تو امریکا ایران پر پہلے سے زیادہ بڑے اور طاقتور حملے کرے گا۔
سوشل میڈیا پر بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے تک امریکی بحری جہاز، ائیر کرافٹ اور فوجی اہلکار ایران کے اردگرد موجود رہیں گے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر حالات بگڑتے ہیں تو امریکا دوبارہ کارروائی سے گریز نہیں کرے گا اور یہ حملے پہلے سے کہیں زیادہ شدید اور طاقتور ہوں گے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ پہلے ہی طے ہو چکا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔