وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورس کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اب تک حاصل ہونے والی کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین امن اور جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے سنجیدہ کردار ادا کریں۔
ملاقات کے دوران قیادت نے تمام متعلقہ فریقین کی جانب سے دکھائے گئے تحمل اور بردباری کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، فریقین کے درمیان پرامن مذاکرات کے ذریعے قابلِ قبول حل تک پہنچنے کے لیے ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون فراہم کرتا رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امن عمل میں شریک فریقین کے عزم کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان پہنچنے والے وفود کے لیے اپنی دعوت بھی دہرائی اور یقین دہانی کرائی کہ پاکستان انہیں اعلیٰ ترین سہولت، تعاون اور مکمل سفارتی معاونت فراہم کرے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کا کردار مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے۔