لبنانی وزیراعظم کی حملوں کے خاتمے کیلیے پاکستان سے تعاون کی درخواست

image

وزیراعظم شہباز شریف اور لبنان کے وزیراعظم نواف سلام کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں لبنانی وزیراعظم نے اپنے ملک اور عوام پر اسرائیلی حملوں کے فوری خاتمے کے لیے پاکستان سے تعاون کی درخواست کی ہے۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان علاقائی امن کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے، جس کے تحت ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

لبنانی وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس امر کی تصدیق کی جائے کہ جاری جنگ بندی کی کوششوں میں لبنان بھی شامل ہے تاکہ مزید حملوں کو روکا جا سکے۔

یہ رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب حالیہ اسرائیلی حملوں میں 200 سے زائد لبنانی شہری جاں بحق ہو چکے ہیں، تاہم امریکا اور اسرائیل کا موقف ہے کہ جنگ بندی لبنان پر لاگو نہیں ہوتی اور حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ لبنان کو کسی بھی ممکنہ جنگ بندی کا لازمی حصہ سمجھتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US