امریکا سے مذاکرات: ایرانی اعلیٰ سطح کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا

image

ایران کا اعلیٰ سطح کا وفد امریکا کے ساتھ مجوزہ مذاکرات میں شرکت کے لیے وفاقی دارالحکومت پہنچ گیا ہے جہاں اہم سفارتی سرگرمیوں کا آغاز متوقع ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کی قیادت محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق وفد کا استقبال نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس کے علاوہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔

ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ فریقین تعمیری انداز میں مذاکرات کو آگے بڑھائیں گے جبکہ پاکستان نے تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے اپنی سہولت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایرانی وفد میں دیگر اہم شخصیات بھی شامل ہیں جن میں علی اکبر احمدیان، عبدالناصر ہمتی اور محمد باقر ذوالقدر شامل ہیں جو مختلف اہم حکومتی اور دفاعی عہدوں پر فائز ہیں۔

یہ وفد اسلام آباد میں امریکی نمائندوں کے ساتھ جنگ بندی سے متعلق مذاکرات میں حصہ لے گا جسے خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل محمد باقر قالیباف نے جنگ بندی کے حوالے سے دو اہم شرائط کا ذکر کیا تھا جن میں ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی اور لبنان میں فوری جنگ بندی شامل ہیں تاہم ان پر تاحال عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US