ایران کی عالمی بھتہ خوری قبول نہیں، ٹرمپ کی آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کی ہدایت

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی بحریہ کو فوری طور پر آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی شروع کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے، جبکہ ایران کو ٹول ادا کرنے والے جہازوں کو بھی روکا جائے گا۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مذاکرات کسی معاہدے کے بغیر ختم ہوگئے، اگرچہ بیشتر نکات پر پیش رفت ہوئی تھی، تاہم ایران کے جوہری پروگرام پر اختلاف برقرار رہا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی بحریہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ آبنائے ہرمز میں داخل ہونے یا وہاں سے گزرنے والے تمام جہازوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور ضرورت پڑنے پر انہیں روکا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی پانیوں میں ایسے تمام جہازوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو ایران کو کسی قسم کا ٹول ادا کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ایران کی جانب سے مبینہ طور پر ٹول وصول کرنا ”عالمی بھتہ خوری“ ہے اور امریکا سمیت دیگر ممالک اس اقدام کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو بھی ختم کیا جائے گا اور کسی بھی ممکنہ حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ناکہ بندی کے بعد حالات کا جائزہ لے کر مستقبل میں جہازوں کی آمد و رفت سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے، جبکہ دیگر ممالک کو بھی اس اقدام میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US